تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 22:47

جسٹس کارنیلیس کے زیرِ استعمال گاڑی کی اصل شکل میں بحالی

جیو نیوز - اسلام آباد… سابق چیف جسٹس پاکستان اور ممتاز قانون دان جسٹس اے آر کارنیلیس کے زیر استعمال گاڑی کو اصل شکل میں بحالی کے بعد سپریم کورٹ کے میوزیم میں رکھنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ مزید جانتے ہیں اس رپورٹ میں جسٹس تصدق حسین جیلانی اور جسٹس ناصرالملک پر مشتمل سپریم کورٹ کی آرکائیوکمیٹی کا اجلاس سپریم کورٹ میں ہوا جس میں رجسٹرار سپریم کورٹ اور چیئر مین سی ڈی اے نے بھی شرکت کی۔آ رکائیو کمیٹی نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے نامور قانون دان اور پاکستان کے سابق چیف جسٹس اے آر کارنیلیس کے زیر استعمال رہنے والی گاڑی کو اصل شکل میں بحالی کے بعد سپریم کورٹ کے میوزیم میں رکھنے کی منظوری دی ۔ یہ گاڑی سپریم کورٹ کے جج جسٹس جواد ایس خواجہ نے عطیہ کی ہے ۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اے آر کارنیلیس ایک عظیم قانون دان اور معروف جج تھے ، انہوں نے پہلے بطور جج لاہور ہائی کورٹ خدمات انجام دیں بعد میں وہ فیڈرل کورٹ / سپریم کورٹ کے جج بنے ، کئی سال بطور چیف جسٹس پاکستان فرائض انجام دیے اور متعدد فقیدالمثال فیصلے تحریر کیے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اے آر کارنیلیس بین المذاہب ہم آہنگی ، سماجی انصاف اور شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق پر پختہ یقین رکھتے تھے۔ جسٹس اے آر کارنیلیس نے قانون کے حوالے سے متعدد مقالہ جات تحریر کیے جن میں اسلامی فقہ قانون کی شریعت کے ذریعے ترقی ، بنیادی حقوق کا اسلامی تصور اور اسلام کا تصور انصاف شامل ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اے آر کارنیلیس کی قانون کے شعبہ میں گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.