تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 23:36

پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن کے لیے 14دسمبر کی تاریخ دیدی

جیو نیوز - لاہور…اٹارنی جنرل نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے عدالت سے نومبر کے آخری ہفتے تک مزید دوماہ کی مہلت طلب کر لی جب کہ پنجاب حکومت نے14دسمبر کی تاریخ دی ہے۔ سپریم کورٹ نے چاروں صوبائی حکومتوں اور وفاق سیکل تک تحریری طور پرحتمی تاریخ طلب کر لی ۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس عظمت سعید شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات کے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے لیے مزید مہلت کے حوالے سے اٹارنی جنرل منیر اے ملک کا بیان قلم بند کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سیکریٹری دفاع نے وفاق کی طرف سے 15ستمبر کو انتخابات کرانے کی انڈرٹیکنگ دی، اب مزید مہلت کے لیے وہی پرانی باتیں دہرائی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ انڈر ٹیکنگ سے روگردانی اور عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر عدالت بوقت ضرورت قانون کے مطابق ایکشن لے سکتی ہے ، فی الحال سوچ سمجھ کرتحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفی ٰرمدے نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 14دسمبر کی تاریخ دی جب کہ خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور سندھ کے ایڈووکیٹ جنرلز کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ نہ دینے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضا ہے آسان حل تو یہی ہے کہ اگر منتخب حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات نہیں کرانے تو تمام سیاسی جماعتیں مل کر آئین سے یہ حصہ نکال دیں ، صوبائی حکومتیں مل کر عدالت کے ساتھ ہاتھ کر رہی ہیں، ایسا نہ کریں۔جسٹس جواد خواجہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت پہلے تو بلدیاتی انتخابات کرانے کے حوالے سے سب سے آگے تھی اب کہا جارہا ہے کہ ابھی تک قانون نہیں بنا ،سندھ بھی 27نومبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے بیان سے پھر رہا ہے۔ مقدمے کی مزید سماعت منگل کو کی جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.