تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 اپریل 2014
وقت اشاعت: 15:21

سب کو ایک قدم پیچھے ہٹ کر حالات کنٹرول کرنے چاہئیں ،وزیرداخلہ

جیو نیوز - اسلام آباد…وزیرداخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ اْن کی ذمہ داری ہے کہ حامد میر کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے،سپریم کورٹ کے تین ججوں پر مشتمل کمیشن قائم ہو گیا ہے ، حملے کے بارے جو بھی ثبوت ہوں ، کمیشن میں پیش کیے جائیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ حامد میر اور ان کے اہل خانہ اور ادارے سے دلی ہمدردی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کاتین رکنی کمیشن قائم ہو گیا ہے ، جو 21 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا پابند ہے،حامد میر پر حملے بارے جو بھی ثبوت ہوں ، کمیشن میں پیش کیے جائیں،کسی کو کمیشن سے اختلاف ہے تو اس کا بھی ایک طریقہ کار موجود ہے۔چودھری نثارنے کہا کہ موجودہ دور میں حامد میر کیساتھ اسلام آباد میں کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، حامد میر نے موجودہ دور حکومت میں نہ کوئی شکایت درج کرائی اور نہ ہی کوئی فون نمبر دیئے۔انہوں نے کہا کہ سابق پولیس افسران نے حامد میر کے بچوں پر حملے بارے کسی رپورٹ سے انکار کیاہے، حامد میر نے اسلام آباد پولیس کو دھمکی آمیز فون کالزکا ریکارڈ فراہم نہیں کیا۔حامد میر یا ان کے خاندان کو اسلام آبادپولیس کے بارے کوئی اعتراض ہے تو مکمل تحقیقات کراوں گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حامد میر پر حملے میں جو بھی ملوث ہیں ، انہیں بے نقاب کرنے میں آخری حد تک جائیں گے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے شفاف تحقیقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی ثبوت کے بغیر میڈیا ٹرائل بند کیا جائے، اس سے دشمن فائدہ اٹھا رہے ہیں، بھارتی چینل دیکھے جا سکتے ہیں۔ قومی مفاد میں میری اپیل ہے کہ میڈیا ٹرائل بند کیا جائے اور صبرکا دامن نہ چھوڑا جائے، تالی بجانے والوں اور تیلی لگانے والوں سے دور رہنا سب کے لیے بہتر ہے۔چودھری نثارچودھری نثار نے کہا کہ میں اس کوشش میں ہوں کہ معاملات کو ٹھنڈا کیا جائے،میں حالات کی بہتری کے لیے کوششیں کر رہا ہوں ، انشاء اللہ حالات بہتری کی جانب جائیں گے،سب کو ایک قدم پیچھے ہٹ کر اور ٹھنڈی سانس لے کر حالات کنٹرول کرناچاہئے۔چودھری نثار نے کہا کہ میں ہر مشکل وقت میں جنگ اور جیو کے ساتھ کھڑا ہوں، آزاد میڈیا ملک کی ضرورت ہے اور باوقار دفاعی ادارے بھی ضرورت ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.