25 اپریل 2014
وقت اشاعت: 18:35
سینئرصحافی حامدمیر کی اہلیہ کا چوہدری نثار کے بیان پر ردعمل
جیو نیوز - کراچی…سینئرصحافی حامدمیر کی اہلیہ نے چوہدری نثار کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکی آمیز فون کالز کا سلسلہ پیپلز پارٹی کے آخری دورِحکومت میں پیش آیا، مسلم لیگ (ن) نے یہ معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھایا، جس پر خورشیدشاہ کی تجویز پر اسپیکر نے اپوزیشن رکن احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔حامدمیر کی اہلیہ کا مزید کہنا ہے کہ اس کمیٹی کی رپورٹ قومی اسمبلی کے ریکارڈ میں موجود ہے، دوسرا واقعہ اسلام آباد میں ہوا جس کی رپورٹ جیو اسلام آباد کے ایڈمن آفیسر یونس نے درج کرائی، جیو کے ایڈمن آفیسر یونس نے حامد میر اور بچوں پر حملے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ حامدمیر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ خود چوہدری نثار نے 2010ء میں خفیہ اداروں کی طرف سے حامد میر کو ہراساں کرنے پر بیان جاری کیا، کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے اس واقعے پر مذمتی بیان بھی جاری کیا تھا، فون نمبرز اسپیکر قومی اسمبلی کے ذریعے آئی جی اسلام آباد کو دیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں اسپیکر کی ہدایت پر جو سیکیورٹی ملی تھی وہ چوہدری نثار نے واپس لے لی تھی۔ حامد میر کی اہلیہ نے سوال کیا ہے کہ گاڑی کے نیچے جو بم لگایا گیا تھا آج چوہدری نثار بتائیں اس کی تحقیقات کہاں پہنچیں۔