27 اپریل 2014
وقت اشاعت: 14:13
گرمیوں کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ بھی عروج پر
جیو نیوز - کراچی …ملک بھر میں شدید گرمی کے ساتھ ہی بجلی کا بار بار جانا معمول بن گیا ہے۔طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار متاثر ہے اور پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سندھ بھرمیں شدید گرمی کے ساتھ ہی بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ شہری علاقوں میں 14 اور دیہی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16گھنٹوں تک جاپہنچا ہے، جام شورو میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ آئے لوگوں نے ہڑتال کردی ہے اور تمام کاروباری مراکزبند ہیں، جبکہ انڈس ہائی وے پر شہریوں نے دھرنا بھی دیا۔پنجاب کے شہری و دیہی علاقوں میں بھی بار بار بجلی کاجانا معمول بن گیا ہے، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ اور گجرات سمیت قریبی صنعتی علاقوں میں بجلی کی طویل بندش سے کاروباری طبقے کومشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان، خانیوال، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ کے بھی شہری و دیہی علاقوں میں 12سے14 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں ایک گھنٹے بعد2 گھنٹوں کے لئے بجلی چلی جاتی ہے۔ غیراعلانی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔