تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 اپریل 2014
وقت اشاعت: 0:50

رکن رابطہ کمیٹی اسلم آفریدی کا مدرسہکے زخمی بچوں کی عیادت

جیو نیوز - کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی نے فرنٹیئر کالونی میں واقع طاہری مسجد کا دورہ کرکے قاری عثمان اور مولانا عمر صادق سے ملاقات کی اور دستی بم پھٹنے سے متاثرہونے والے مدرسے کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے معاون اظہار احمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اسلم آفریدی نے مدرسے میں دستی بم پھٹنے کے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور اس المناک واقعہ میں مدرسے کے تین طالبعلموں کی شہادت اور متعدد طالب علموں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔انہوں نے قاری عثمان اور مولانا عمر صادق کو دستی بم پھٹنے کے افسوسناک واقعہ پر قائد تحریک جناب لطاف حسین کی جانب سے تعزیت وہمدردی کاپیغام بھی دیا ۔ دریں اثناء اسلم آفریدی نے عباسی شہید اسپتال کر جاکر دستی بم پھٹنے سے زخمی ہونے والے مدرسے کے طالبعلموں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور اسپتال کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ زخمی بچوں کے علاج و معالجہ میں کسی قسم کی کسر باقی نہ چھوڑیں ۔ اس موقع پر انہوں نے زخمی بچوں سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔دریں اثناء رکن رابطہ کمیٹی سیف یار خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر لسانی جماعت ہونے کے الزامات لگانے والوں کو وقت نے غلط ثابت کردیا ہے آج کے اجتماع میں پاکستان کی تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ایم کیو ایم ملک بھر کے مظلوم اور پسے افراد کی نمائندہ جماعت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال قلعہ گراوٴنڈ عزیزآباد میں کراچی مضا فاتی آرگنائزنگ کمیٹی کی مرکزی کابینہ کی تنظیم نو کے سلسلے میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ الطاف حسین کی جدو جہد ملک کے غریب ، متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کو ان کے جائز حقوق کے حصول کے لئے ہے اورہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم قائد تحریک کے نظریہ حق پرستی کو اپنے گلی ، محلوں ، علاقوں ،شہروں ، گاوٴں ،گوٹھوں کے مظلوم عوام تک پہنچاکر انسانیت کی بھلائی میں اپنا کردار ادا کریں ۔انھوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ حق پرستی کی تحریک کے کارکن ہیں لہٰذا وہ خود کو تمام اخلاقی و سماجی برائیوں سے دور رکھیں تاکہ وہ ملک و قوم کی فلاح میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں ۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شا ہوانی ، ایم کیو ایم مضافاتی کمیٹی کے ذمہ داران ، مختلف سیکٹرز و یونٹس کے ذمہ داران اور کراچی کے مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے بزرگ ،خواتین ، نوجوان کارکنان کی بڑ ی تعداد موجود تھی ۔بعد ازاں سیف یارخان نے کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کی مرکزی کابینہ کے لئے فرخ اعظم کو انچارج ، سید احمد رضا اور محمد اسلم بلوچ کو جوائنٹ انچارج سمیت 17رکنی مرکزی کمیٹی کا اعلان کیا ۔





متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.