29 اپریل 2014
وقت اشاعت: 16:24
سپریم کورٹ میں حامد میر حملے کے تحقیقاتی کمیشن کی سماعت
جیو نیوز - کراچی …سپریم کورٹ کراچی میں جیونیوزکے سینئر اینکر حامد میر پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لئے قائم جوڈیشل کمیشن کی سماعت جاری ہے۔ کمیشن کے روبرو حامد میر کے بھائی اور سینئر صحافی عامر میر نے اپنا بیان قلم بند کرایا۔ جیونیوزکے سینئر اینکر اور معروف صحافی حامد میر پر حملے کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے قائم تین رکنی جوڈیشل کمیشن جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں دوسرے روز بھی سماعت کررہا ہے۔ آج حامد میر کے بھائی عامر میر نے اپنا بیان قلم بند کرایا۔ کمیشن کی جانب سے اخبارات میں اشتہار بھی دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص واقعہ سے متعلق گواہی اور مواد دینا چاہتا ہے تو وہ کمیشن سے رابطہ کرسکتا ہے، گواہی دینے والے کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ روز آئی جی سندھ ،ڈی جی رینجرزاور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے حامد میر پر حملے اور تفتیش سے متعلق رپورٹس پیش کی گئی تھیں۔