29 اپریل 2014
وقت اشاعت: 16:56
وزارت پانی و بجلی نے نادہند سرکاری اداروں پر ہاتھ ڈالنا شروع کردیا
جیو نیوز - اسلام آباد…آئیسکو نے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر سپریم کورٹ کی عمارت اورپارلیمنٹ ہاوس کی بجلی کاٹ دی ہے،دیگرنادہندہ اداروں کی بھی بجلی کاٹنے کیلئے ٹیمیں سرگرم ہیں، تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر سپریم کورٹ کی بجلی بحال کردی گئی۔آئیسکو حکام کے مطابق سپریم کورٹ کے ذمہ 35 لاکھ تیس ہزار روپے کے بقایا جات ہیں، اس ادارے کی بجلی کے بقایاجات پاکستان پی ڈبلیوڈی اداکرنے کا پابند ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے دونوں بلاکس کی بجلی کاٹی گئی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کی رہائش گاہ کی بھی بجلی کاٹنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم وزیراعظم کی ہدایت پرکچھ دیر بعد سپریم کورٹ بلڈنگ کی بجلی بحال کردی گئی۔ آئیسکو حکام کے مطابق پارلیمنٹ ہاوٴس کی بجلی بھی کاٹ دی گئی ہے۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے ذمے 12 کروڑ روپے کے بقایا جات ہیں۔ آئیسکو حکام کے مطابق پارلیمنٹ ہاوٴس کی بجلی کے بقایاجات سی ڈی اے کو ادا کرنا ہوتے ہیں۔