1 مئی 2014
وقت اشاعت: 18:1
متحدہ قومی موومنٹ کاکل سندھ بھرمیں پرامن سوگ کااعلان
جیو نیوز - کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ایم کیوایم کے 4کارکنوں کی مسخ شدہ لاشیں ملنے پر کل سندھ بھر میں پرامن سوگ منائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے 4کارکنوں کی مسخ شدہ لاشیں لوٹائی گئی ہیں، 4گھروں کے چراغ گْل ہوئے ہیں،2کارکن اب بھی لاپتا ہیں، جن کی بازیابی کے لیے اپیل کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی وجہ سے عوام صدمے میں ہیں جنہوں نے آج ہی رضاکارانہ طور پر اپنی دکانیں اور کاروبار بند کرنا شروع کردیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں طے کیا گیا کہ اس قتل، بربریت اور ظلم کے خلاف کل سندھ بھر کے عوام پرامن احتجاج کریں گے۔ خالدمقبول صدیقی نے مزید کہا کہ 13اپریل کی رات ایک بجے ایم کیوایم کے 9ساتھیوں کو اسکیم 33سے گرفتار کیا گیا، کل تک 6 کارکن لاپتا تھے جن میں سے 4کی لاشیں کل میمن گوٹھ سے ملیں، جاں بحق افراد میں فیضان، علی حیدر، سمید اور سلمان مشتاق شامل ہیں۔ خالدمقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کارکن بازیاب نہیں ہوئے تو پُرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، مائیں اپنے نوجوان بیٹوں کی لاشیں لے کر انصاف طلب کر رہی ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ مشتعل نہ ہوں اور اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ایسے کارکن جن کی گرفتاری ظاہر نہیں کی جاتی ان کی لاشیں مل رہی ہیں، ایم کیو ایم سمیت پوری قوم کے لیے صدمے کی گھڑی ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کل رضاکارانہ طور پر کاروبار بند رکھیں۔