2 مئی 2014
وقت اشاعت: 9:33
کراچی:کارکنوں کاقتل،متحدہ کا یوم سوگ،تعلیمی ادارے،کاروباری مراکز بند
جیو نیوز - کراچی…کارکنوں کے قتل کے خلاف ایم کیو ایم نے آج سندھ بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ کی اپیل پرتعلیمی ادارے، بازار اور پیٹرول پمپ بند ہیں جبکہ پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں ،کراچی کی سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے،ایم کیو ایم کی جانب سے یوم سوگ کے اعلان کے بعد کراچی میں کل دوپہر ہی سے کاروباری مراکز بندکردیے گئے تھے۔ نامعلوم افراد نے دکانیں اور پیٹرول پمپ بند کرا دیے جبکہ لانڈھی میں مشتعل افراد نے بس کو آگ لگادی تھی، کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے ٹرانسپورٹ بند رکھنے اور آل پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن نے تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ ٹیکنیکل بورڈ اور کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کے تحت ہونے والے پرچے اور میٹرک بورڈ نے عملی امتحانات ملتوی کردیے ہیں۔ بدھ کو میمن گوٹھ لنک روڈ کے قریب سے ایم کیو ایم کے 4 کارکنوں کی تشدد زدہ لاشیں ملی تھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کر کے مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔ آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم بھی بنادی ہے۔