2 مئی 2014
وقت اشاعت: 18:7
10 سالہ ہاجرہ پیدائشی طور پر غذا کی نالی سے محروم
جیو نیوز - کراچی …کراچی میں رہنے والی دس سالہ ننھی بچی ہاجرہ پیدائشی طورپر غذا کی نالی سے محروم ہے، ڈآکٹرز نے علاج تو تجویز کردیا ہے لیکن علاج کا خرچہ اٹھانا ہاجرہ کے والدین کے بس میں نہیں ، وہ علاج کے لئے مسیحا کی راہ تک رہی ہے۔ یقین نہیں آتا کہ خوبصورت آنکھوں اور مدھر مسکراہٹ والی معصوم سی بچی کی زندگی کسی بڑی کمی کا شکار ہے۔ پیدا ہوئی تو اس کی غذا کی نالی نہیں تھی۔ پیٹ سے منسلک کی گئی نلکی سے خوراک دی جاتی ہے، ڈاکٹرز نے آپریشن تشخیص کیا ہے جو بہت پیچیدہ ہے۔سہیلیوں کیساتھ کھیلتے دیکھ کر اندازہ لگانا بھی مشکل ہے کہ اسے کوئی ایسا دکھ بھی ہے جس کا مداوا مشکل ہے۔ کھانا کھانا انسان کی سب سے بڑی ضرورت ہے، کچھ لوگ کھانے کے لئے جیتے ہیں لیکن دس سالہ حاجرہ جینے کے لئے بھی نہیں کھا سکتی۔ سکھیوں کے ساتھ کھیلتی ہے، ہنستی ہے بولتی ہے لیکن کچھ کھائے یا پئے تو گلے سے ہی خوراک واپس آجاتی ہے، پیاس لگتی ہے لیکن پانی اندر نہیں جا سکتا۔ گذشتہ سال جیو نیوز پر ہاجرہ کی خبر نشر کی گئی جس کے بعد لوگوں نے علاج کرانے کا وعدہ بھی کیا جو اب تک پورا نہیں ہوسکا۔ اس معصوم بچی کی آنکھوں میں امید زندہ ہے اور اسکی ماں کی دعاؤں کا تسلسل بھی نہیں ٹوٹا۔ ان کو یقین ہے کہ ہاجرہ ضرور ٹھیک ہوجائے گی۔