3 مئی 2014
وقت اشاعت: 19:43
عمران خان جیسے الزامات لگانے والوں کو عدالت میں معافی مانگنی پڑی:جیو ،جنگ گروپ
جیو نیوز - کراچی…جنگ اور جیو نیوزعمران خان کی جانب سے جنگ اور جیو نیوز کے الزامات پر گروپ نے کہا ہے کہ اسی قسم کے الزامات لگانے والوں نے ان الزامات پر سپریم کورٹ میں معافی مانگی، عمران خان بھی خدا کا خوف کریں اور اپنی اداوٴں پر خود ہی غور کر لیں۔ جیو اور جنگ گروپ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے امن کی آشا اور غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے گروپ پر لگائے گئے الزامات ایک سازش کا حصہ ہیں، یہ الزامات پہلے بھی لگائے گئے تھے اور الزامات لگانے والوں کو ایسے الزامات پر عدالت کے اندر جیو نیوز سے معافی مانگنی پڑی تھی۔ عدالتوں سے اپنے موٴقف کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد ہم اپنی سچائی کے حق میں اور کیا ثبوت لائیں۔ ہم تو ہمیشہ اپنے پروگراموں اور اخبارات میں رائے کے تنوع کے قائل رہے ہیں اور ہم نے ہمیشہ کسی بھی معاملے پر ایک سے زیادہ آراء سامنے لانے میں مدد دی ہے۔ اندرون ملک دہشت گردی کے معاملے پر ایک طرف جہاں امن کو موقع دینے کے خیالات پیش کیے گئے، وہیں دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کی تجویز کی حمایت بھی ہمارے ہی گروپ کے اخبارات اور چینلز پر سامنے آئی۔ ان میں سے کوئی بھی رائے ادارے کی اپنی رائے نہیں تھی۔ جنگ اور جیو نیوز نے 6فروری کو ایک خط کے ذریعے عمران خان سے کہا بھی تھا کہ وہ خود اپنی جماعت کے ارکان سے مل کر الزامات کی تحقیقات کرا لیں۔ اس سلسلے میں ایک میٹنگ بھی ہوئی تھی لیکن عمران خان نے ہماری فراخ دلانہ پیش کش کا کوئی جواب نہیں دیا۔ ترجمان کے مطابق عمران خان نے کرکٹ میچوں کے حقوق کے سلسلے میں بھی جیو پر الزام لگایا۔ اس سلسلے میں جنگ گروپ نے انھیں ایک نوٹس بھی بھیجا تھا جس کا انھوں نے بہت برا منایا تھا۔ جیو اور جنگ گروپ کے مطابق نشریاتی حقوق دینے والی بڈنگ کمیٹی کے چیئرمین احسان مانی تھے جو شوکت خانم اسپتال کے بورڈ کے رکن بھی ہیں۔ عمران خان نے اس الزام کے بارے میں احسان مانی سے پوچھنے کی زحمت کیوں نہیں کی؟ اسی بولی کے دوران جنوبی افریقا کی سیریز کے حقوق ایک بھارتی چینل ٹین سپورٹس کو مل گئے تھے لیکن ایک بھارتی چینل کو نشریاتی حقوق ملنے پر عمران خان نے کوئی احتجاج نہیں کیا۔ جیو اور جنگ گروپ کے ترجمان کے مطابق ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ یہ الزامات دراصل ہمارے خلاف ایک سازش کا حصہ ہیں اور یہ سازش پہلے سے ہو رہی تھی لیکن اب عمران خان بھی اس سازش کا حصہ بن گئے ہیں۔ پہلے بھی ان الزامات پر انہیں لیگل نوٹس بھیجا گیا تھا لیکن اس کا انہوں نے جواب نہیں دیا۔ اگر وہ جواب دیتے اور ہم اس سے مطمئن نہ ہوتے تو ہم یقیناً عدالتوں کا رخ کرتے۔ عمران خان کے تازہ الزامات پر ادارہ یہی کہہ سکتا ہے کہ:
آپ ہی اپنی اداوٴں پہ ذرا غور کریں
ہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہوگی