تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
3 مئی 2014
وقت اشاعت: 21:36

”کسی بھی میڈیا ہاوٴس پر پابندی کیخلاف ہیں“55 سینئر صحافیوں کا اعلان

جیو نیوز - کراچی …پاکستان کے 55 سینئر صحافیوں نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ وہ کسی بھی میڈیا ہاوٴس پر پابندی عائد کرنے کے خلاف ہیں۔ سینئر صحافیوں کا کہنا ہے کہ میڈیا مالکان پاکستان میں صحافیوں پر حملوں اور دھمکیوں کے خلاف مل کر کام کریں۔ آزادی صحافت کے عالمی دن پر پاکستان بھر کے 55 سینئر صحافیوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ میڈیا گروپوں کیدرمیان رقابت کی وجہ سے صحافی حملوں کا آسان ہدف بن گئے ہیں اور انصاف کے لیے ان کی جدوجہد کمزور ہوئی ہے۔ بیان میں میڈیا مالکان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کاروباری مفادات اور رقابتوں سے بالاتر ہوکر پاکستان میں صحافیوں پر حملوں اور دھمکیوں کے خلاف مل کر کام کریں۔ سینئر صحافیوں کا کہنا ہے کہ وہ صحافتی اداروں کی جانب سے اعلی اخلاقی اصولوں پر مبنی ضابطہ اخلاق اور تحریری پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ایسی پالیسیوں اور طریقہ کار کو فروغ دیا جائے جس سے صحافیوں کو لاحق غیر ضروری خطرات کم ہوں۔ بیان میں سینئر صحافیوں کا کہنا ہے کہ وہ میڈیا ہاوسز کو دھمکیوں اور صحافیوں پر حملوں کی تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر خصوصی وکیلوں کی تعیناتی اور وسائل مختص کرنے کی کوششوں کی بھی حمایت کرتے ہیں۔مشترکہ بیان جاری کرنے والے سینیئرصحافیوں میں ابصار عالم، عدنان فاروق، عافیہ سلام،احفاظ الرحمان، احمد ولید، انور سن رائے، عاصمہ شیرازی، الیفیا حسین، امر سندھو، اسد ہاشم، اشاء الرحمان، عائشہ صدیقہ، بابر ایاز، بابر ستار، بدر عالم، بہزاد عالم خان، بینا سرور، بینا شاہ، فرح ضیا، فاروق سلہریا، فرخ خان پتافی، حسین نقی، آئی اے رحمان، جاوید سومرو، جگنو محسن، کامران رحمت، کامران شفیع، خرم حسین، کرن نازش، ملک سراج اکبر، ماروی سرمد، مسعود اشعر، مظہر عباس، محمل سرفراز، محمد تقی ،مشرف زیدی، منیب فاروق، مرتضیٰ سولنگی، نجم سیٹھی، نسیم زہرہ، ناصر جمال، نازہا سید علی، عمر قریشی، اویس توحید، رضا رومی، صابر نذر، سحر علی، سحر حبیب غازی، ثنا سلیم، شاہین قریشی، سرمد منظور، طلعت اسلم، زمان خان، ضرار کھوڑو، زبیدہ مصطفیٰ شامل ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.