3 مئی 2014
وقت اشاعت: 23:12
پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کا لاہور میں اجلاس
جیو نیوز - لاہور…ہوتی ہے گرچہ کہنے سے یارو پرائی بات، پر ہم سے تو تھمی نہ کبھی منہ پہ آئی بات، میر تقی میر نے یہ شعر شاید صحافیوں کے لیے کہا تھا،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کیلیے بڑی لڑائی تاریخ ساز ہوگی،عامر میر کے خلاف درج مقدمہ ختم اورجیو ،جنگ کے خلاف انتقامی کارروائیاں فوری بند ہونی چاہئیں۔لاہور پریس کلب میں ہونے والے اجلاس میں ملک بھر سے 65 ضلعی پریس کلبوں کے عہدیدار شریک ہوئے۔ پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں سینئر صحافی عامر میر پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کی پْرزور مذمت کی گئی۔شرکاء نے حامد میر اورعامر میر سے اظہار یکجہتی کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو پر کسی قسم کی پابندی کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ آج ایک میڈیا گروپ کے خلاف کارروائی ہوئی تو کل دوسرے کی باری آئے گی، حامد میر اورعامر میر کو غدار کہا ہے تو ثابت بھی کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے صحافی بڑی لڑائی کے لیے تیار رہیں، یہ لڑائی تاریخ ساز ہوگی۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بلوچستان کے صحافیوں پر غداری کے مقدمات واپس لیے جائیں، عامر میر کیخلاف مقدمہ ختم کیا جائے ، جیو اورجنگ کیخلاف انتقامی کارروائیاں فوری بند ہونی چاہئیں۔