تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مئی 2014
وقت اشاعت: 2:7

جنگ اور جیو کے کارکنوں اور دفاتر کو خطرات، حملے اور دھمکیاں بڑھ گئیں

جیو نیوز - کراچی…جنگ اور جیو گروپ کی انتظامیہ نے سول اور فوجی حکام پر پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے خلاف نفرت انگیز، بے رحم اور سنگدلانہ مہم کا نوٹس لینے اور ملازمین اور دفاتر کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سیکورٹی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ آرمی چیف، وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات سمیت سول و فوجی حکام کے نام خط میں جنگ اور جیو گروپ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ 19 اپریل کو حامد میر پر حملے کے بعد سے عملے کے ارکان کو دھمکیوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، ملازمین میں خوف وہراس پایا جاتا ہے کہ انہیں کسی بھی وقت نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ گروپ کے خلاف نفرت پر مبنی مہم شروع کی گئی ہے، ہمیں ملک دشمن، اسلام دشمن، فوج دشمن اور غدار کہا جارہا ہے، کارکنوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اور ہمارے دفاتر کا گھیراوٴ بھی کیا گیا ہے۔ جیو کو بند کرنے کی کوششوں کے طور پر ہمارے ملازمین، کنٹری بیوٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور ادارتی عملے کو نشانہ بنایا جارہا ہے، یہ سب سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ لگتا ہے اور اس تمام مہم کو سرکاری سرپرستی اور حمایت حاصل ہے، بعض سرکاری شخصیات کے بیانات صورت حال کو مزید خطرناک بنا رہے ہیں، کارکن واضح طور پر خوف اور خطرہ محسوس کررہے ہیں،خط میں وزیر داخلہ سے اپیل کی گئی ہے کہ متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت دی جائے کہ وہ پیشگی اقدامات کیلئے ہم سے مل کر جائزہ لیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم عالمی مشنز اور صحافیوں کی عالمی انجمنوں کو صورت حال سے آگاہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.