تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 مئی 2014
وقت اشاعت: 0:4

اسلام آباد میں جلسے کے پیش نظر کاروباری مرکز بلیو ایریا بند

جیو نیوز - اسلام آباد…عمران خان کے اسلام آباد میں جلسے کی پیش نظر کاروباری مرکز بلیو ایریا بند پڑا ہے، شہر کی سڑکوں پر کنٹینرز کی دیواریں کھڑی کر دی گئی ہیں ، شہریوں اور کاروباری طبقے کو کن دشواریوں کا سامنا ہے۔تحریک انصاف کا 11 مئی کا احتجاجی جلسہ ہو رہا ہے جناح ایونیو اسلام آباد پر، جس کے ارد گرد ہے بلیو ایریا کا مصروف کاروباری مرکز۔کہیں کوئی تخریبی کارروائی نہ ہو جائے، پرجوش ہجوم املاک کو نقصان نہ پہنچائے ، انہی خدشات کے باعث تاجروں نے دکانوں پر ڈال دیے ہیں تالے اور قناتیں کھڑی کرکے اپنی دکانوں کو بچانے کا بندو بست بھی کیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کو الگ خوف ہے کہیں جلوس کے شرکاء ان کی گاڑیوں کو نشانہ نہ بنا ڈالیں، کتنی قیمتیں چیزیں پڑی ہیں اگر حادثہ ہو گیا، آگ لگ گئی کون ذمہ دار ہو گا؟ گاڑی تباہ ہو سکتی ہے۔ جلوس میں سے کوئی پتھر مار دے۔ اسلام آباد کے شہری کہتے ہیں ایسے جلسے جلوسوں سے ان کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ جاتے ہیں، جگہ جگہ سے سڑکیں بند ہیں، کاروبار معطل ہے، روز مرہ استعمال کی اشیاء خریدنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ ایمرجنسی میں اسپتال جانا پڑ جائے تو مصیبت ، جانے کب کیا ہو جائے، شہر پر اک انجانا سا خوف طاری ہے۔شدت پسند ملک میں انارکی پھیلانے کے لیے ایسے مواقع کی تلاش میں ہوتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر کچھ ہو گیا تو ذمہ داری اس پر ہو گی جس نے جلسے کی کال دی،خدارا ہم لوگوں کو تھوڑا سا جینے دیں، یہ کمرشل ایریا ہے اگر بند ہوا تو خزانے کو کتنا نقصان ہو گا، سڑکیں بلاک ہو جاتی ہیں، عام آدمی سبزی لینے باہر نہیں نکل سکتا۔اسلام آباد کے آنے جانے والے راستے بند ہیں۔ اسلام آباد میں دھرنوں ، احتجاجی جلسے اور جلوسوں سے تنگ شہریوں کا کہنا ہے کہ احتجاج کے لیے کوئی ایسی جگہ مختص کر دی جائے جس سے سڑکیں بلاک ہوں، نہ کوئی سیکیورٹی خدشات پیدا ہوں اور ان کے معمولات زندگی بھی متاثر نہ ہو سکیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.