11 مئی 2014
وقت اشاعت: 7:18
وزیراعظم نوازشریف آج ایران روانہ ہوں گے
جیو نیوز - اسلام آباد…وزیراعظم نوازشریف آج ایران روانہ ہوں گے، ایرانی صدر حسن روحانی اور روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کو دورے کی دعوت ایرانی صدر حسن روحانی نے دی ہے، اپنے دورہ کے دوران وزیر اعظم پاک ایران تعلقات میں بہتری سمیت سیکیورٹی اورتجارت شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر بات کریں گے۔ وزیراعظم ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں خطے کی سلامتی اور حال ہی میں پیدا ہونے والی دو طرفہ غلط فہمیوں کو دور کرنے کے امور پر بھی بات کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر ، وفاقی وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ ایران کے موقع پر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی تفصیلی بات کی جائے گی اور توقع ہے کہ وزیراعظم اس منصوبے کے لیے ایران سے مالی معاونت اور دیگر رعایتوں پر بھی بات کریں گے۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم ایرانی قیادت کو یقین دلائیں گے کہ پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں سنجیدہ ہے اور اسے مکمل کرنے کا ارادہ رکھتاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ باہمی تجارت کو بڑھانے کے امور پر بھی وزارتی سطح پر مذاکرات ہوں گے، توقع ہے کہ وزیراعظم کا دورہ پاک ایران دوستی اور تعلقات کی مضبوطی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔