تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 مئی 2014
وقت اشاعت: 17:41

قومی اسمبلی:الطاف حسین کے شناختی کارڈ ، پاسپورٹ کا معاملہ گرم رہا

جیو نیوز - اسلام آباد…ایم کیو ایم نے الطاف حسین کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہ کیے جانے کے خلاف قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کرتے ہوئے واک آوٴٹ کیا اور پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے دھرنا دیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی زیادہ تر کاررروائی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری نہ کرنے کے معاملے کی نذر ہو گئی،ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر رشید گوڈیل نے معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنا وزارت داخلہ کی ہٹ دھرمی ہے، لندن میں نادرا کا عملہ معطل کر دیا گیا، الطاف حسین سے متعصبانہ رویہ روا رکھا جا رہا ہے۔رشید گوڈیل کے خطاب کے بعد ایم کیو ایم کے ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان سے واک آوٴٹ کر گئے اور پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے دھرنا دے بیٹھے۔ اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور جماعت ا سلامی نے بھی ایم کیو ایم کے موٴقف کی حمایت کی۔پیپلزپارٹی کینوید قمر نے کہا کہ پاسپورٹ جاری کر کے معاملہ ختم کیا جائے۔ تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلے پرنظرثانی کرے۔مخدوم جاویدہاشمی بولے کہ الطاف حسین کو گھر جا کر بھی شہریت دینی پڑے تو دی جائے۔ وفاقی و زیر ریاض پیرزادہ معاملہ دو چار روز میں نمٹانے کی یقین دہانی کے ساتھ ایم کیو ایم ارکان کو ایوان میں تو لے آئے مگر ارکان ایک بار پھر سرپا احتجاج بن گئے، جوں ہی وزیر مملکت داخلہ میاں بلیغ الرحمان نے کہا کہ قواعد کے برعکس واجد شمس الحسن نے الطاف حسین سے گھرجا کر ڈیٹا لیا، مگر فنگر پرنٹس کی ناقص کوالٹی کی وجہ سے اپ لوڈ نہیں ہو سکا، ڈیٹا دوبارہ دینا ہو گا۔ رشید گوڈیل نے ایک فارم ایوان میں لہرا تے ہوئے کہا کہ ڈیٹا نادرا کے پاس ہے، بے وقوف نہ بنایا جائے، جس پر ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگائے گئے،حکومت اور ایم کیو ایم میں الطاف حسین کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے معاملے کی ضد نے ایوان کا ماحول گرمائے رکھا،تاہم فریقین اب بھی اپنے موٴقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.