13 مئی 2014
وقت اشاعت: 18:30
کراچی:سول اسپتال میں زیر علاج خاتون کی دو سال کی بچی لاپتا ہوگئی
جیو نیوز - کراچی…کراچی کے سول اسپتال میں زیر علاج خاتون کی دو سال کی بچی لاپتا ہوگئی، ڈیڑھ ماہ سے اسپتال میں زیر علاج ماں پر اس سانحے سے کیا گزررہی ہے۔یہ تڑپتی ہوئی ماں ڈیڑھ ماہ پہلے علاج کروانے گڑھی یاسین سے کراچی آئی تھی،بیماری تو کیا دور ہوتی،اس کی بچی ہی اس سے دور ہوگئی۔ دو سال کی نیناں کو رات کی تاریکی میں باپ کے ساتھ سوتے ہوئے سول اسپتال کراچی سے کسی نے مبینہ طور پر اغواء کرلیا۔ اب اس ماں کی بے چینی ہے، آہ وبکا ہے، اسے کسی پل چین نہیں۔ بچی کے باپ کا کہنا ہے کہ بچی اس کے پہلو میں اسپتال کے برآمدے میں سو رہی تھی، صبح آنکھ کھلی تو بچی موجود نہیں تھی۔ اسپتال میں کئی سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہیں لیکن اب تک ان کی جانچ پرتال نہیں کی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملہ پولیس کے پاس پہنچ چکا ہے، اگر پولیس کو ضرورت پڑی تو انتظامیہ انہیں فوٹیج مہیا کرے گی۔ اس طرح کے واقعات سول اسپتال میں پہلے بھی کئی مرتبہ ہوچکے ہیں لیکن ان کے سد باب کیلئے کوئی خاطر خواہ انتطامات آج تک نہیں کئے گئے۔ ماں کا کہنا ہے کہ اسے علاج نہیں اپنی بیٹی چاہیے۔