8 جون 2014
وقت اشاعت: 14:27
وزیراعظم بتائیں کون مذاکرات سبوتاژ کررہا ہے، سراج الحق
جیو نیوز - پشاور...جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہےکہ وزیراعظم نواز شریف امن کے لیے ڈٹ جائیں اور بتائیں کہ وہ کون ہے جو مذاکرات سبو تاژ کررہا ہے۔پشاور میں جماعت اسلامی کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے سراج الحق کا کہناتھاکہ ساری دنیابھی اگر شریعت کی مخالفت کرے تب بھی شریعت برحق ہے ، ملک میں امن کےبغیر کوئی معاشی ایجنڈا قائم نہیں ہوسکتا ، انہیں افسوس ہے کہ قیام امن کے لیے حکومت دو قدم آگے بڑھتی ہے چار قدم پیچھے ہٹ جاتی ہے۔جماعت اسلامی کے امیر کاکہناتھا کہ کیا قوم نے مزید 20،25 سال لڑنا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا پیسہ قوم کی تعلیم اور صحت پر لگایا جائے۔سراج الحق نے کہاکہ اس وقت ملک کو کئی اشکال میں دہشت گردی کا سامنا ہے ، جب تک امن نہیں ہوگا ملکی معیشت بہتر نہیں ہوگی ۔تقریب کے اختتام پر جیو نیوز سے گفتگوکرتےہوئے سراج الحق کاکہنا تھا کہ جیو پندرہ دن کی پابندی کی سزا تسلیم کرلے اور آئندہ کے لیے تمام میڈیا مالکان مل کر ضابطہ اخلاق تیار کریں۔