10 جون 2014
وقت اشاعت: 21:47
کراچی ائرپورٹ کے قریب آج کیا ہوا، گتھی سلجھ نہ سکی
جیو نیوز - کراچی........کراچی ائر پورٹ کے قریب آج کیا ہوا، فائرنگ کی آواز سنی گئی۔ پولیس رینجرز آرمی سب پہنچ گئے، سرچ آپریشن شروع کردیاگیا۔ فلائٹ آپریشن روک دیا گیا۔ بعد میں پتہ چلا کچھ نہیں ہوا۔ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اخترکہتے ہیں صرف فائرنگ ہوئی۔ ایئر پورٹ سو فیصد محفوظ ہے۔کراچی ایئر پورٹ کے قریب اے ایس ایف اکیڈمی کے پاس فائرنگ کاواقعہ ہوا، سیکیورٹی فورسز نے بھر پور اور فوری کارروائی کرکے صورت حال پر قابو پالیا، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ذرائع کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے قریب واقع ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس اکیڈمی میں اجلاس جاری تھا، اس دوران ویمن ہاسٹل کے قریب فائرنگ کی آواز سنی گئی جس کی رپورٹ وہاں موجود خاتون اہلکار نے حکام کو دی۔ اس پر اے ایس ایف کے اہلکار، پولیس اوررینجرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔ اے ایس ایف اوررینجرز حکام کےمطابق واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا نہ ہی اسے دہشت گردوں کا حملہ قرار دیا جاسکتاہے۔ حکام کے مطابق فائرنگ کی آوازوں پر فوری ردعمل ظاہر کیاگیا اور صورتحال قابو میں ہے۔ ادھر فائرنگ کی خبریں سامنے آتے ہی کراچی ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن روک دیاگیا جسے ایک گھنٹے کے اندر ہی بحال کردیا گیا۔ اب ایئر پورٹ پرصورتحال معمول کے مطابق ہے۔ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو نے میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پرآج کوئی حملہ نہیں کیا گیا، تاہم فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملی ہے،واقعے میں کوئی زخمی بھی نہیں ہوا۔ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف اعظم خان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد وں نےفائرنگ کی اور پہلوان گوٹھ کی جانب فرار ہوگئے،تاہم یہ حملہ نہیں تھا، میڈیا پر حملے کی خبر سے افراتفری پھیلی۔