13 جون 2014
وقت اشاعت: 10:19
بحیرہ عرب میں طوفان کے اثرات ،کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش
جیو نیوز - کراچی ....کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے اور علی الصبح بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں کبھی بوندا باندی اور کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ گلستان جوہر، گلشن اقبال،آئی آئی چندریگر روڈ، شاہین کمپلیکس،فیڈرل بی ایریا،عزیز آباد،ڈالمیا،نارتھ ناظم آباد، بفرزون سمیت کئی علاقے شامل ہیں،جس کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔دوسری جانب بحیرہ عرب میں سمندری طوفان "نانوک" زور پکڑ رہا ہے، اگر اس نے رستہ نہ بدلا تو اتوار کو سلطنت عمان کے جزیرے سے ٹکرائے گا۔ 70سے 90کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والے طوفان نے پاکستانی ساحلی علاقوں میں اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سمندر میں بھی طغیانی صاف دیکھی جاسکتی ہے۔ منہ زور لہروں کے باعث ساحل سمندر پر نہانے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ شہر کے ساحلی علاقے ریڑھی گوٹھ کے گھروں میں 2 فٹ تک پانی داخل ہوگیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔