16 جون 2014
وقت اشاعت: 14:22
شمالی وزیرستان میں آپریشن :کے پی کے حکومت کوآگاہ نہیں کیاگیا، سراج الحق
جیو نیوز - لاہور......جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالے سے خیبرپختونخواہ کی حکومت کوآگاہ نہیں کیاگیا،ہماری تجویز ہے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے جانے چاہئیں۔منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے خطاب اورمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئےسراج الحق کاکہناتھا انہیں افسوس ہے مرکزی حکومت نے ملک میں قیام امن کیلئے کوئی روڈ میپ نہیں دیا۔تمام جماعتوں نے مرکزی حکومت کومذاکرات کا مینڈیٹ دیاتھا ۔ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تھے تووزیراعظم نوازشریف کوسیاسی جماعتوں سےرابطہ کرناچاہئے تھا۔سراج الحق کاکہناتھاکہ حکومت دوقدم آگے بڑھتی ہے توچارقدم پیچھے ہٹتی ہے۔جب کوئی حکومت تنہا پرواز کرتی ہے تووہ تنہاہوجاتی ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی صدارت میں شمالی وزیرستان میں آپریشن کی صورتحال کاجائزہ لینے اور مستقبل کی پالیسی وضع کرنے کیلئے اجلاس بھی منعقد ہوا ۔ جس میں مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔