19 جون 2014
وقت اشاعت: 4:33
آئندہ مالی سال کیلئے بلوچستان کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا
جیو نیوز - کوئٹہ .....گورنر بلوچستان نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج شام 6بجے طلب کرلیا ، جس میں بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا،بجٹ کا مجموعی حجم 220ارب تک ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ خزانہ بلوچستان کے ذرائع کے مطابق صوبے کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 9 ارب روپے سے زائد کے خسارے کا سامنا ہوسکتا ہے جبکہ بجٹ میں غیر ترقیاتی کاموں کیلئے 170ارب سے جبکہ ترقیاتی اسکیموں کیلئے 50ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے،رواں مالی کے بجٹ کی طرح آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے جس کیلئے 40ارب سے زائد کی رقم مختص کی جارہی ہے اسی طرح امن وامان اور صحت کیلئے 20,20 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ مالی کے بجٹ میں 4ہزار کے لگ بھگ نئی اسامیاں بھی دی جائیں گی جبکہ محکمہ بہبود آبادی کے 1800کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کئے جانے کا امکان ہے ،ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کوقابل تقسیم محاصل اور دیگرمحصولات سے 160ارب وصول ہونے کا امکان ہے ۔