20 جون 2014
وقت اشاعت: 23:54
عالمی ادارے مسلم ممالک میں مداخلت بند کروائیں،حامد موسوی
جیو نیوز - اسلام آباد.........تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پر مقامات مقدسہ کے تحفظ اورافواج پاکستان کے ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کیلئے جمعہ کو ’’یوم دعا ‘‘ مذہبی و قومی جذبے کیساتھ منایا گیا۔قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے اس موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مسلمان عالمی شیطانوں اور اسکے چیلوں سے چھٹکارا حاصل نہیں کرتے تو انہیںمزید بڑے سے بڑے امتحانوں کیلئے تیا ر رہنا ہو گا ۔انہوںنے سوال کیا کہ کیا اسلام میں ملوکیت جائز ہے ؟آقای موسوی نے کہا کہ اس وقت خلافت عثمانیہ کے خاتمے کے ایجنڈے پر عمل کیا جا رہا ہے تا کہ عالمی ابلیس مسلمانوں کا تیا پانچہ کر کے ان پر اپنا تسلط جما کر مفادات حاصل کر سکے،عراق و شام سمیت مسلم ممالک میں ڈھائے جانے والے مظالم میں استعمار کے وہی پٹھو ملوث ہیں جنہوں نے خلافت عثمانیہ کے بعد فوائد حاصل کیے ۔ سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مقامات مقدسہ کا تحفظ عالم اسلام اور پوری انسانیت پر لازم ہے ۔دریں اثناء جمعہ کو یوم دعا کے مو قع پر ملک بھر میں مزارت مقدسہ پرحملوں اوردہشت گردی کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرے ہوئے اورریلیاں نکالی گئیں،اسلام آباد آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اورقصبوں میں دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے ،جامع مساجد میں خطباء حضرات نے خطباتِ جمعہ کے دوران شعائر اللہ ،مشاہیر اسلام کی نشانیوں ،مزارات قدسیہ کی حفاظت اور وطن عزیز میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جار ی عساکر پاکستان کے آپریشن کی کامیابی کیلئے دعائیںکیں۔اسلام آباد میں یوم دعا کی مرکزی ریلی ٹی این ایف جے کی ضلعی کمیٹی کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے ہوئی جس کی قیادت مختلف مکاتب فکر کے علماء اور مذہبی و سیاسیپ جماعتوں کے اکابرین اور مشائخ عظام نے کی ۔اس موقع پر عراق ،شام اور دیگر ممالک میں بزرگان دین کے مزارات پر حملوں اور پاکستان میں طویل عرصہ سے جاری دہشتگردی ،قتل و غارت گری ،دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کیخلاف زبردست نعرے لگائے گئے ۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سید شجاعت علی بخاری نے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل ،آئی سی سی سمیت حقوق بشر کے محافظ عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ مسلم ممالک میں عالمی استعمار کی مداخلت اور وہاں کے عوام پر حکمرانوں کے مظالم فی الفور بند کروائیں