6 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 15:39
ملک میں مڈ ٹرم الیکشن نہیں دیکھ رہے،سید خورشید شاہ
جیو نیوز - سکھر.......قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ وہ ملک میں مڈ ٹرم الیکشن نہیں دیکھ رہے، یا تو حکومت اپنی مدت پوری کرے گی یا کوئی اور آجائے گا۔ الیکشن مڈ ٹرم میں نہیں دیکھ رہا۔ یا تو حکومت اپنی مدت پوری کرے گی یا اس پاکستان میں کوئی اور راستہ آجائے گا جو اس ملک کے لئے بہت زیادہ نقصان دہ ہوگا۔ نماز عید کے بعد سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں زیادہ عرصہ جمہوریت نہ ہونے کے قصور وار سیاست دان ہیں۔ اور آج جو بچا کچا پاکستان وہ بھی سیاستدانوں کی ہی وجہ سے ہے۔ ملک میں 10 سے 11 سال ہی جمہوریت رہی۔ اس کے بعد کنٹرولڈ ڈیموکریسی رہی۔ جس کے قصور وار سیاستدان ہیں۔ 47 سے 58 تک سمیع اللہ سے کلیم اللہ، کلیم اللہ سے سمیع اللہ چلتا رہا۔ پھر مارشل لاء آگیا، پھر مارشل لاء آگیا، آج جو بچا کچا پاکستان ہے وہ سیاستدانوں کی وجہ سے ہے۔ اس لئے ایسا کھیل نہ کھیلا جائے جس سے اس ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے حوالے ہونا ہے۔ انہیں سوچنا پڑے گا کہ ورائٹی پروگرام اور بھنگڑوں سے سیاست نہیں کی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ مارشل لاء ہو یا دہشت گردی پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے ڈٹ کر عوام کی نمائندگی کی۔ آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوتی ہے تو وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔