9 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 14:22
پاک فوج ایسی جنگ لڑرہی ہے جس میں دشمن چھپا ہوا ہے،وزیر اعظم
جیو نیوز - میران شاہ........ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج ایسی جنگ لڑرہی ہے جس میں دشمن چھپا ہوا ہے اور چھپ کرحملے کررہا ہے، پاکستان کے مستقبل کیلئے جنگ آرمی چیف کی قیادت میں کامیابی سے لڑی جارہی ہے۔وزیر اعظم نے میرانشاہ کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔وزیراعظم نواز شریف میرانشاہ کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں۔ وزیراعظم کو دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ، گولہ بارود بھی دکھایا گیا۔ آپریشن ضرب عضب میں شریک جوانوں سے خطاب میں وزیراعظم نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاک فوج ایک مشکل جنگ لڑرہی ہے جس میں دشمن چھپ کر وار کرتا ہے ، پاک فوج یہ جنگ جیت رہی ہے جس میں ملک میں ہمیشہ کےلیے امن آئے گا۔وزیراعظم نے کامیابیوں پر جوانوں اور افسروں کو مبارک باد پیش کی ۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے بھی پرجوش نعرے بلند کیے۔میاں نواز شریف وہ پہلے وزیراعظم ہیں جو میرانشاہ پہنچے ہیں ۔ انہوں نے اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا۔ اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم کو دہشت گردوں سےملنے والا اسلحہ اور بارود اور دیگرسامان بھی دکھا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں خود کار اسلحہ اور بھارتی ہتھیار بھی شامل ہیں ۔اس سے پہلے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہپاک فوج نے آپر یشن کے آغاز پر ہی میرانشاہ کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا تھا،میر علی، بویا،دیگان اور دتہ خیل سمیت 90 فیصد علاقے کلیئر کرالیے گئےہیں۔ اسپیشل سروسز گروپ نے آپریشن میں نئی تاریخ رقم کی،آپریشن کی کامیابی میں پاک فضائیہ اور توپ خانے کا کردار اہم رہا۔ اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف میران شاہ پہنچے تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، چودھری نثار، عبدالقادر بلوچ اور گورنرخیبر پختونخواسردار مہتاب احمد خان بھی موجود تھے۔