13 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 11:53
پشاور میں موسم خزاں کی پہلی بارش وقفے وقفے سے جاری
جیو نیوز - پشاور.........پشاور میں موسم خزاں کی پہلی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بارش کے بعد خنکی میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا۔ پشاوراور صوبے کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سیدو شریف میں 12جبکہ پشاور میں اب تک 4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 2روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ موسم خزاں کی پہلی بارش کے ساتھ ہی گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور خنکی میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔