13 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 12:43
ملتان:حکومت پنجاب کا این اے 149 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے پر غور
جیو نیوز - ملتان..........پنجاب حکومت نے ملتان کے حلقہ این اے 149 کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کر دی تاہم صوبائی الیکشن کمیشن نے اس کی مخالفت کی ہے۔ جاوید ہاشمی کے استعفے سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب 16 اکتوبر کو ہونا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سانحہ قاسم باغ کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے اس لئے ضمنی انتخابات کو چند روز کے لئے ملتوی کیا جائے۔تاہم دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی اس درخواست کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام انتظامات مکمل ہیں اس لئے انتخاب ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ حکومت پنجاب اور صوبائی الیکشن کمیشن کی رپورٹس کی روشنی میں ضمنی انتخاب سے متعلق حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔