14 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 16:23
کراچی جیل کو نوری آبادکے قریب منتقل کیا جاسکتا ہے، منظور وسان
جیو نیوز - کراچی..........سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور وسان کا کہنا ہے کہ سینٹرل جیل کراچی پر حملے کی سازش بے نقاب ہونے کے بعد اسے نوری آبادکے قریب منتقل کیا جاسکتا ہے۔ منظور وسان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں سرنگ کے متعلق تحقیقات کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے،غوثیہ کالونی میں جس مکان سے سرنگ کھودی جارہی تھی اس کی دوسری منزل کو بھی مسمار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرز دیگر تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر اطراف کے علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ اس طرح کا واقعہ رونما ہوسکتا ہے، اگر اس واقعے میں جیل عملہ ملوث ہوا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک قیدیوں کو دوسرے شہر کی جیلوں میں منتقل کیا جارہا ہے،جیل میں جند اللہ اور دیگر تنظیموں کے 150 دہشت گرد موجود ہیں۔