14 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 22:23
بھارت کو منہ توڑ جواب کیلئے کارکن حاضر ہیں،اورنگ زیب فاروقی
جیو نیوز - کراچی...... اہل سنت والجماعت کے رہنما علامہ اورنگ زیب فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے حکومت کو ضرورت پڑی تو ہزاروں کارکن حاضر ہیں۔انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ تمام خلفائے راشدین کے ایام شہادت پر عام تعطیل کیوں نہیں کی جاتی؟ خلیفہ سوئم حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم شہادت کے سلسلے میں کراچی میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے لسبیلہ سے تبت سینٹرتک ریلی نکالی گئی ۔ شرکاء سے خطاب میں اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما علامہ اورنگ زیب فاروقی نے کہا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھاتو بھارت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ علامہ اورنگزیب فاروقی نے کراچی سینٹرل جیل توڑنے کی سازش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث عناصر کو منظر عام پر لایا جائے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سمیت چاروں خلفائے راشدین کے یوم وفات پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ اہلسنت والجماعت کی ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک حکومت خلفائے راشدین کے یوم وفات کو سرکاری طور پر نہیں مناتی، احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔