14 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 22:33
لاہور: گلو بٹ کا ڈنڈا انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش
جیو نیوز - لاہور..... ہاتھ میں تسبیح ، سینے پر قومی پرچم کا بیج، آنکھوں پر سیاہ چشمہ اور مونچھوں پر تاؤ، گلوبٹ اس طرح عدالت میں پیش ہوتے ہیں، آج ان کا عالمی شہرت یافتہ ڈنڈا بھی پیش کیا گیا۔ شاہد عزیز عرف گلو بٹ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ایسا کردارجس نے ڈکشنریوں کو گلوکریسی سمیت کئی نئےالفاظ دےدیئے۔وہ اب ٹیلیویژن کیمروں کےسامنےہر بار نئے اندازسے نمودار ہوتا ہے،آج لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر بھی اس کا کروفر برقرار تھا،،آنکھوں پر سیاہ چشمہ،سینے پر قومی پرچم والا بیج،ہاتھ میں تسبیح،،سفید گاڑی اور روایتی سیلوٹ۔ پولیس نےگلو بٹ کاوہ ڈنڈا،جس سےوہ گاڑیوں کو تہس نہس کرتا رہا،بھی عدالت میں پیش کردیا۔ گلو بٹ کاکہناتھا کہ اسے پاکستان کی عدلیہ پر یقین ہے۔ میڈیا نمائندے بار بار بات کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن گلوبٹ کتراتا رہا ۔ا س دوران گلو بٹ کے بھانجے شان نے گاڑی چلا دی جس سے ایک کیمرہ مین زخمی بھی ہو گیا۔عدالت نے3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 گواہوں کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مزیدسماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔