تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
14 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 22:33

چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی کیلئے 28 اکتوبر تک کی مہلت

جیو نیوز - اسلام آباد...... سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے لیے حکومت کو 28 اکتوبر تک کی مہلت دے دی ، عدالت نے پنجاب اور سندھ حکومت کو بلدیاتی آرڈیننس کا بل دو دن میں صوبائی اسمبلیوں میں پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کی ۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کا ترمیمی آرڈیننس گورنر سندھ نے اعتراض لگا کر واپس کردیا ہے ، عدالت نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ قانون سازی کے لیے دو دن میں بلدیاتی انتخابات کا بل سندھ اسمبلی میں پیش کردیا جائے، اگر ایسا نہ ہوا تو عدالت وزیر اعلیٰ سندھ کونوٹس جاری کرے گی۔ عدالت نے حکومت خیبر پختونخوا کو دو دن میں صوبائی الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر بلدیاتی انتخابات کے حتمی شیڈول کے لیےاجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی۔ عدالتی ہدایات کے مطابق حکومت پنجاب 2 دن میں بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کا بل صوبائی اسمبلی میں پیش کرے ۔ چیف جسٹس نے چیف الیکشن کمشنر کی عدم تعیناتی پر شدید اظہار برہمی کیا، عدالت نے حکم دیا کہ 28 اکتوبر تک لیڈر آف دی ہائوس اور اپوزیشن لیڈر کی سفارش پر مستقل چیف الیکشن کمشنر تعینات کیا جائے۔ سپریم کورٹ اس سے قبل بھی بارہا چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے احکامات صادر کرچکی ہے ، تاہم اس بار عدالت نے تنبیہ کی ہے کہ اگر 2 ہفتے میں چیف الیکشن کمشنر تعینات نہ ہوئے تو سپریم کورٹ انتظامی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا نام واپس لے لے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.