15 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 17:24
طیارے سے جاوید ہاشمی کے انتخابی پمفلٹ گرانے پر تنازع
جیو نیوز - ملتان........ملتان کے حلقہ این اے 149میں کل ضمنی انتخاب ہونے جارہاہے، لیکن اس سےپہلے آج اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہوگئی جب اس حلقے میں طیارے سے جاوید ہاشمی کے پمفلٹ گرائے گئے۔الیکشن کمیشن قوانین کے تحت امیدواروں کی انتخابی مہم گذشتہ رات ختم ہوچکی ہے، یوں کسی امیدوار کے پمفلٹ گرائے جانے سے نیا مسئلہ سامنے آگیا۔ اس پرجاوید ہاشمی نے کچھ دیر پہلے پریس کانفرنس کی اور مؤقف اپنایا کہ یہ انتخابی مہم نہیں بلکہ ایک اشتہار ہے، جیسا کہ آج کےا خبارات میں بھی امیدواروں کےاشتہارات شائع ہوئے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے مزید کہاکہ اس اشتہاری سرگرمی پر 40ہزار روپے خرچ ہوئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ طاہر القادری بھی 2002ءکےانتخابات میں ایسا کرچکےہیں۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھاکہ ان کے دوست نے یہ خرچہ کیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشن سے رابطہ کیا ہے اور اس تشہیری مہم کو فوری طورپر روکنے کاحکم دیا ہے۔