15 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 21:34
سکھر :کنٹینر سے 10 ٹن چرس برآمد، ڈرائیور اور دو کلینر گرفتار
جیو نیوز - سکھر ........سکھر میں محکمہ کسٹم انٹیلی جنس نے مردان سے کراچی جانے والے کنٹینر پر چھاپا مار کر 10 ٹن چرس برآمد کرلی۔ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس محمد آصف مرغوب نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ کنٹینر کو روہڑی بائی پاس پر روکا گیا۔ تلاشی کے دوران اس میں سے 9ہزار 9سو کلو گرام چرس برامد ہوئی جو یوریا کھاد کے 495تھیلوں میں چھپائی گئی تھی، ہر تھیلے میں 20 کلو چرس موجود تھی۔ کنٹینر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور وقاص، کلینر نواب خان اور جانباز خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کنٹینر حاجی گلمت نامی شخص نے مردان سے کراچی کے لئے بُک کرایا تھا۔گزشتہ دس برسوں کے دوران اندرون سندھ پکڑی جانے والی یہ چرس کی سب سے بڑی کھیپ ہےجس کی مالیت 80 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔