17 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 11:55
پیپلزپارٹی کا 18 اکتوبر کا جلسہ ،استقبالیہ کیمپ کارکنوں سے بھرگئے
جیو نیوز - کراچی......پاکستان پیپلز پارٹی کے 18 اکتوبرکو ہونے والے جلسے سے قبل ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ لگادیے گئے جہاں پارٹی ترانوں پرجیالے رقص کررہے ہیں ۔کراچی کی اہم شاہراہوں اور مختلف علاقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے استقبالیہ کیمپ لگادیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو 18 اکتوبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دینے کے اعلانات کے ساتھ ساتھ ، پارٹی کے نئے اورپرانے نغمات سے عوام کو متوجہ کیا جارہا ہے ۔ استقبالیہ کیمپوں پر بے نظیر بھٹو شہید کی آڈیورکارڈنگ بھی چلائی جارہی ہے اورپارٹی ترانوں پرکارکنوں کو والہانہ رقص کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔جیالوں کا کہنا ہے کہ وہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے نواسے کو شایان وشان طریقے سے ویلکم کریں گے۔ بلاول کا استقبال دنیا دیکھے گی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت سیکیورٹی انتظامات میں جمعرات کوجلسہ گاہ کادورہ بھی کیا جہاں انہیں جلسے کے انتظامات سے آگاہ کیاگیا ۔اس موقع پرموجود جیالوں نے اپنے قائد کا پُرتپاک استقبال کیا اور بلاول کے حق میں نعرے لگائے۔پیپلزپارٹی کےرہنماوٴں کاکہناہےکہ کارکن بلاول بھٹو زرداری کی آواز پر لبیک کہیں گے۔پیپلز پارٹی کے جلسے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے۔کراچی کی شاہراہوں پر قائم کیمپوں پر جیالوں کا جوش وجذبہ بڑھتا جارہا ہے۔ پارٹی گیتوں پررقص اوران کی خوشیاں عروج پر نظرآرہی ہیں۔