17 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 16:35
نبیہہ چوہدری کی لاش ورثا کےحوالے کردی گئی
جیو نیوز - لاہور.........قتل، خود کشی یا حادثہ،لاہور میں جھلس کرہلاک ہونے والی سی ایس پی افسرنبیہہ چوہدری کی موت کا معمہ اب تک حل نہیں ہوسکا۔ پراسرار طور پر جھلس کر ہلاک ہونے والی سی ایس پی افسر نبیہہ چوہدری کی لاش ورثا کےحوالے کردی گئی۔ گلبرگ میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والی سی ایس پی آفیسر نبیہہ کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے پٹرول لا کر دینے والے نائب قاصد احد نواز اور دو خواتین ملازماؤں آسیہ اور اس کی ساتھی سے پوچھ گچھ کی ہے۔ احد اور آسیہ کو علیحدہ علیحدہ بلا کر پوچھ گچھ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نائب قاصد احد نے بیان دیا ہے کہ اس نے نبیہہ کو پٹرول اتوار کو لا کر دیا تھا۔ ملازمہ آسیہ نے بیان قلمبندکرایا ہے کہ نبیہہ نے قمیص سے داغ اتارنے کے لئے پٹرول منگوایا تھا،ملازمین اور گارڈز کے بیاں بھی قلمبندکیے گئے ہیں جن کے مطابق نبیہہ سے اس روز کوئی ملنے نہیں آیا تھا۔ نبیہہ کی لاش بدھ کے روز کمرے سے جلی ہو ئی ملی تھی ۔