17 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 18:25
وزیر اعظم نواز شریف سے چین کے سفیر سن وی ڈونگ کی ملاقات
جیو نیوز - اسلام آباد...... وزیر اعظم نواز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے ملاقات کی،ان کا کہنا تھا کہ چینی صدر جلد باہمی مشاورت سے طے کردہ تاریخ پر پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں،وزیر اعظم نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان سے پاک چین تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچیں گے۔ وزیر اعظم سے چین کے سفیر نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، ترجمان کے مطابق چینی سفیر نے کہا کہ صدر ژی جنگ پنگ جلد پاکستان کے دورے کے خواہش مند ہیں،انہوں نے آئندہ ماہ بیجنگ میں منعقدہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون کے اجلاس میں وزیر اعظم کی شرکت کا خیر مقدم کیا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین نے اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ہمیشہ ترجیح دی ہے اور پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون کا سفر جاری رہے گا،وزیر اعظم نے آئی ڈی پیز اور دیگر چیلنجز کے دوران بروقت امداد پر حکومت چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھی چینی صدر کے جلد دورہ پاکستان کے خواہش مند ہیں، پاکستان چین کے مفادات اور ترجیحات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔