18 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 12:4
مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی خطے میں پائیدار امن آئے گا،آرمی چیف
جیو نیوز - کراچی........آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی خطے میں پائیدار امن آئے گا،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دیں گے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کامیابی سے جاری ہے، پاکستان آرمی قومی اتحاد اور امید کی علامت ہے، آپریشن ضرب عضب کا مقصد ملک سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہے،مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کردیا گیاہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا مزید کہنا تھا کہ جیو پولیٹیکل صورتحال اور نان اسٹیٹ ایکٹرز نے پاکستان کو سینٹر اسٹیج پر لاکھڑا کیا،اس کے نتیجے میں پاکستان کو کئی چیلنجز اور مواقع کا سامنا ہے، اس صورتحال میں پاکستان آرمی پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعاگو ہیں کہ افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی آئے، پاک فوج افغان فورسز کی ہرممکن مدد کرے گی، چاہتے ہیں کہ پاکستان دنیا میں اپنا مقام بنائے، جو قائد اعظم کا خواب تھا، فاٹا اور ملک میں دیرپا امن کیلئے اسٹیک ہولڈرز اور ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو سلامی دی گئی۔نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنی کو پرچم دیا گیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گارڈ آف آنرکا معائنہ کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف ٹریننگ مکمل کرنے پرکیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ کرنے والے کیڈٹس کیلئے آج اہم دن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1200کیڈٹس نے پاس آؤٹ کیا،جن میں سے 45 کا تعلق دوست ممالک سے ہے۔