19 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 11:22
اقوام متحدہ بھارت کو اشتعال انگیز اقدامات سے روکے، مشیر خارجہ
جیو نیوز - اسلام آباد........وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے کہا ہے کہ عالمی ادارہ بھارت کو اشتعال انگیزی سے روکے۔ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سرتاج عزیز نے بان کی مون کو فون کیا اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی شدید فائرنگ ، گولا باری اور جانی و مالی نقصان سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا بھارتی اشتعال انگیزی پر پاکستان نے انتہائی ضبط وتحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے ۔ بھارت کو مشورہ دیا جانا چاہیے کہ وہ ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرے اور اپنی فورسز کو غیر معقول کارروائیوں سے روکے ۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ پر مستقل ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مخلص ہےتاہم پیشرفت دونوں طرف سے ہونی چاہیے ۔ دو طرفہ بات چیت اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے انکار سے مسئلے کے حل میں کوئی مدد نہیں ملے گی بلکہ یہ الٹا نقصان دہ ہے ۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کنٹرول لائن کی صورت حال پر اپنی تشویش کا اعادہ کرتے ہوئے انسانی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ملک کشیدگی میں کمی کے لیے ضروری اقدامات کریں اور تمام حل طلب مسائل مذاکرات کے ذریعے طے کیے جائیں ۔