19 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 14:38
لاہور: مینار پاکستان گراؤنڈ میں عوامی تحریک کے جلسے کی تیاریاں مکمل
جیو نیوز - لاہور......لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری جلسے میں شرکت کے لئے اسلام آباد سے روانہ ہو گئے ہیں۔مینار پاکستان گراؤنڈ میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کارکن جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے۔ ستر ہزار کرسیاں لگ گئیں جبکہ اسٹیج بھی سجا دیا گیا۔ جلسہ کے شرکا کے لئے چھ داخلی واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں۔ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار جلسہ گاہ کے اطراف میں تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جلسہ گاہ کی مسلسل نگرانی میں مصروف ہیں۔ عوامی تحریک کے مطابق پولیس کے علاوہ پارٹی کے 3 ہزار رضا کار بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔