20 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 15:55
تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی ہونا چاہیے، شرجیل میمن
جیو نیوز - کراچی........وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تنقید کرنے والوں میں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ بھی ہونا چاہیے۔ سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ بہتر ہوتا الزامات لگانے کے بعد ان کے جوابات کو بھی سنا جاتا،20سال سے ایم کیو ایم یہاں حکومت میں ہے،کے ایم سی اور واٹر بورڈ میں 18اور 19گریڈ میں بھرتیاں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پکڑا جانے والا سرکاری ملازم نکلتا ہے، ولی بابر اور پی ٹی آئی کی زہرہ شاہد کے قاتلوں کو بھی اسی پولیس نے پکڑا ہے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ہمارے قائدین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے 18اکتوبر کے جلسے میں تمام سیاسی جماعتوں کو مفاہمت کی دعوت دی اور ہم بھی چاہتے ہیں کہ عوام کی خدمت کریں۔