26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 3:43
پی ٹی آئی سمیت اکثر جماعتیں فوجی عدالتوں کے قیام کی حامی
جیو نیوز - اسلام آباد........عمران خان سمیت بیشتر سیاسی جماعتوں نے فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کردی ہے، میر حاصل خان بزنجو کہتے ہیں کہ ہم ناکام ہو گئے تو آئندہ حکمران طالبان ہوں گے۔وزیر اعظم کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وہ فوج کی زیر نگرانی خصوصی عدالتوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم تیار ہے، دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، فوج اور قوم کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر اعتزاز احسن نے پہلے کہا کہ قانونی دستاویزات پڑھنے کے بعد فوجی عدالتوں کے بارے میں پیپلزپارٹی کا مؤقف دیں گے، تاہم بعد میں انہوں نے بھی دیگر سیاسی جماعتوں کے اس مؤقف سے اتفاق کیا کہ فوجی عدالتیں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اے این پی کے غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں پر مشاورت کے لیے مزید چند دن درکار ہیں۔ مسلم لیگ ق کے مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتیں قائم کر کے دہشت گردوں کو فورا سزائیں دی جائیں، امریکا نے بھی دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے لیے یہی حکمت عملی اپنائی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کا کہنا تھا کہ مخصوص حالات میں غیر معمولی اقدامات وقت کی ضرورت ہے، سیاسی اورعسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر لڑنے کو تیار ہے۔ میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ ہم ناکام ہو گئے تو آئندہ حکمران طالبان ہوں گے، اعجاز الحق اور جی جی جمال نے بھی کہا کہ وہ فوجی عدالتوں کے قیام کے حامی ہیں۔