26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 13:24
بانی پاکستان کی تیمارداری کرنیوالی نرس نے ان کی بے لوث خدمت کی
جیو نیوز - لاہور......... قیام پاکستان کے بعد مسلسل اور انتھک محنت نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی صحت پر اثرات مرتب کئے۔ بیماری کے دوران بانی پاکستان کی تیمارداری کرنےوالی نرس نے ان کی بے لوث خدمت کی۔آنجہانی نرس اے ایس نتھینیل کے قائداعظم کے ساتھ گزرے لمحات کی یاد تازہ کر ر ہی ہیں۔ قانون اور سیاست میں ایک طویل، مشکل اور شاندار کیریئر کے بعد، قائد اعظم محمد علی جناح نے 71 سال کی عمر میں بھی ایک نئی ریاست کے سربراہ کے چیلنج اور ذمہ داریوں کو قبول کیا تھا۔ طبعیت کی ناسازی بھی ان کے عزائم کے آڑے نہ آسکی۔ زیارت میں قیام کے دوران بگڑتی صحت کے پیش نظر محکمہ صحت کی نرس اے ایس نتھینیل کو ان کی تیمارداری کے لیے بھیجا گیا۔ اے ایس نتھینیل کی بیٹی مورین کرسٹی بتاتی ہیں کہ انہوں نے قائد اعظم کی بے پناہ خدمت کی اور قائداعظم بھی ان کی پیشہ وارانہ خدمات کے مداح تھے۔ اے ایس نتھینیل کی بیٹی مورین کرسٹی کو شکوہ ہے کہ ان کی والدہ کو زندگی کے آخری ایام میں حکمرانوں نے بالکل نظر انداز کئے رکھا۔ آنجہانی اے ایس نتھینیل کوقائد اعظم کی خدمات کے اعتراف میں سن 2000 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازاگیا۔