تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 13:24

پشاور سانحہ:ملک بھر میں مسیحی برادری کرسمس سادگی سے منارہی ہے

جیو نیوز - کراچی........ملک بھر میں مسیحی برادری اس سال کرسمس کو شہدائے پشاور کے نام کرتے ہوئے تہوار سادگی سے منارہی ہے۔گرجا گھروں میں ملک کی سلامتی اور امن کے ساتھ ساتھ شہدائے پشاور کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سکھر میں بھی مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار روایتی جوش و جزبے سے منارہی ہے۔بچوں بڑوں سب ہی نے گرجا گھروں میں عبادات کیں۔ملتان میں کرسمس کے بڑے اجتماعات سینٹ میری چرچ، کیتھولک چرچ اور پارسٹل انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوئے۔مسیحی برادری نے ایک دوسرے کو تحائف دیے۔ان کا کہنا تھا کہ کرسمس کا تہوار محبت کا درس دیتا ہے۔ فیصل آباد میں کرسمس کے موقع پر ضلع بھر میں گرجا گھروں سمیت 237 مقامات پر کرسمس کی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں ۔ مرکزی تقریب کیتھولک چرچ ریلوے روڈ میں منعقد ہوئی۔ ڈی سی او نور الامین مینگل اور بشپ آف فیصل آباد نے کرسمس کا کیک کاٹا۔ سرگودھا میں مسیحی برادری کر سمس کا تہوار سادگی لیکن روایتی جو ش و جذبے سے منا رہی ہے۔دعائیہ تقریبات میں پا کستان کے استحکام اور سلامتی کے لیے خصو صی دعائیں ما نگی گئیں۔ نوشہرہ میں بھی کرسمس سادگی سے منایا جارہا ہے۔تقریب سے خطاب میں فادر نے کہا کہ کرسمس کا تہوار امن کی نشانی ہے،ہمیں پیار اور محبت پھیلانے کے لیے قدم بڑھانے چاہییں۔ کوہاٹ میں کرسمس کی تقریبات سانحہ پشاور کی وجہ سے سادگی سے منعقد کی گئیں۔ گرجا گھروں میں آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ قبائلی علاقہ پاراچنار میں بھی کرسمس کا تہوار منایا گیا۔تقریبات میں مرد ، خواتین اور بچوں کے علاوہ مقامی قبائل اور پولیٹیکل حکام نے بھی تقریبات میں شرکت کی۔ میرپور آزاد کشمیر میں کرسچن ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں کر سمس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں شرکا کی جانب سے دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.