26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 19:47
دہشتگرد تنظیموں کے حامیوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے،اراکین سینیٹ
جیو نیوز - اسلام آباد........سینیٹ میں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ارکان نےمطالبہ کیا ہے کہ حکومت دہشت گرد تنظیموں کے حامیوں کے خلاف بھی کارروائی کرے۔ زاہد خان نے کہا کہ حکومت واضح کرے کہ کالعدم تنظیموں کےخلاف کارروائی کرےگی یا پھر انہیں آج بھی اپنا اثاثہ سمجھا جا رہا ہے۔ ایوان بالا سینیٹ میں پشاور سانحہ پر بحث کرتے ہوئے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ حکومت واضح کرے کہ دفاع پاکستان، جیش محمد، البدر، حافظ سعید، مسعود اظہر، فضل الرحمان خلیل کے خلاف کارروائی کر رہی ہے یا نہیں، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی اپنے سابقہ مؤقف پر قوم سے معافی مانگیں۔ فوجی عدالتیں مسائل کا حل نہیں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر سعیدہ اقبال نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کےحامیوں کےخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ سینیٹر طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ کراچی میں اردو بولنے والے بچوں کو حوالات میں بند کر دیا جاتا ہے اور پیسے لے کر چھوڑا جاتا ہے۔ مسلم لیگ ق کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان کی نگرانی کرنے کیلئے مستقل بنیادوں پر پارلیمانی کمیٹی قائم ہونی چاہیے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف ایک فنڈ قائم کرے جس میں ہر کوئی اپنی مرضی سے حصہ ڈالے۔ حکومت بجلی اور گیس کی قیمتیں نہ بڑھائے، نجکاری روکی جائے۔ سینیٹ نے گیس چوری کی روک تھام کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔