26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:19
مٹھی میں ایشیا کے سب سے بڑے صاف پانی کے پلانٹ کی تعمیر مکمل
جیو نیوز - تھر پارکر...........تھر پارکر کے ضلع مٹھی میں ایشیا کے سب سے بڑے صاف پانی کے پلانٹ کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔شمسی توانائی سے چلنے والے اس پلانٹ سے شہریوں کو روزانہ20لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔تھرپارکر کی پیاسی زمین کے ضلعی ہیڈ کوارٹرمٹھی کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کاحصول ہے۔ یہاں پانی صرف پانی نہیں زندگی ہے۔ انسان اورجانورسب پانی کے لئے نقل مکانی پربھی مجبورہوجاتے ہیں۔پانی کے حصول کا واحد زریعہ زیرزمین کنویں ہیں جہاں کا پانی اس قدرکڑوا اورزہریلا ہے کہ وہ زندگی نہیں موت بانٹتا ہے۔ زیرزمین پانی کو استعمال میں لانے اورپینے کےقابل بنانے کے لئے پہلی بار مٹھی میں 942ملین کی لاگت سےفلٹر پلانٹ لگایا گیا ہے۔ منصوبے پہ کام کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ تھر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہریوں کو بلا ناغہ پینے کا صاف پانی واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ اس پانی کی ترسیل پائپ لائنوں کے ذریعے اسلام کوٹ اور نوکوٹ شہروں سمیت 150دیہات میں بھی کی جائے گی۔ ابتدائی طور پہ 3لاکھ افراد کو صاف پانی میسر ہو گا۔ سیاسی رہنما اس منصوبے کو شہید بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر تھر کے عوام کے لئے تحفہ قرار دیتے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی کے اس فلٹر پلانٹ سے تھر کے پیاسے صحرا کی قسمت ضرور بدل سکتی ہے مگر اس کے لئے اہم مقامات پر مذید ایسے منصوبوں کی تعمیر اور ان کی مستقل فعالیت ضروری ہے۔