26 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 20:19
ترکی کے وزیر خارجہ کا سفیرِ پاکستان ہارون شوکت کو اعلیٰ کارکردگی پر ایوارڈ
جیو نیوز - انقرہ............ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد ہارون شوکت کو ترکی اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو فروغ د ینے پر ترکی کے وزیر خارجہ مولو چاوش اولو نے اعلیٰ کارکردگی کا ایوارڈ عطا کیا ہے۔ سفیرِ پاکستان محمد ہارون شوکت کی ترکی میں سفیر کی حیثیت سے فرائض ادا کرنے کی میعاد اس ماہ کے اواخر میں میں پوری ہو رہی ہے۔وزارتِ خارجہ کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریب میں سفیر پاکستان کے علاوہ ان کی اہلیہ عظمیٰ شوکت اور سفارت خانہ پاکستان میں فرائض ادا کرنے والے تمام سفارت کاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مولو چاوش اولو نے سب سے پہلے پاکستان کے شہر پشاور میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے ملک کے غم و خوشی میں برابر کے شریک ہیں، ترکی کا غم پاکستان کا غم اور پاکستان کا غم ترکی کا غم ہے اور اسی طرح ترکی کی خوشی پاکستان کی خوشی اور پاکستانی کی خوشی ترکی کی خوشی ہے۔ ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے میں پاکستان کے سفیر محمد ہارون شوکت نے بڑا اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم نے ان کی ان خدمات کے اعتراف کے طور سفیر پاکستان محمد ہارون شوکت کو اعلیٰ کارکردگی کے ایوارڈ سے نواز رہے ہیں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان محمد ہارون شوکت نے کہا کہ ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش ا ولو سے اعلیٰ کارکردگی کا اعزاز حاصل کرنا بڑے اعزا ز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی میں اپنے ساڑھے تین سال کے قیام کے دوران دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی بھر پور کو ششیں صرف کی ہیں ، میں نے اپنے ترکی میں قیام کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی لحاظ سے بھی ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میری کوششیں رنگ لائی ہیں اور دنوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکی صدر رجب طیب ایردوان اور وزیر اعظم احمد داؤد اولو کی قیادت میں دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتا رہے۔