27 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 18:11
حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور
جیو نیوز - اسلام آباد..........حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور ہوا ہے، فریقین نے تین اہم نکات پر اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے، موقع دینا چاہیے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کہتے ہیں کہ منگل کو معاہدہ ہوجائے گا۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا ایک اوردور جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوا۔ بعد میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اسحاق ڈار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں فریقین نے 3اہم نکات پر رہنمائی کےلیے اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ ان تینوں نکات پر کھلے دل سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔ حکومتی ٹیم کے رکن احسن اقبال کہتے ہیں کہ دوریاں کم کرنا چاہتے ہیں۔ مذاکرات کا اگلا دور منگل کو ہو گا جس میں حتمی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کے مطابق اب تک چند معاملات میں پیش رفت ہوئی ہےتاہم ابھی اہم بنیادی معاملات پر کوئی معاہدہ ہوا اور نہ ہی کوئی بڑی پیش رفت۔ حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے عمران خان کو بریفنگ دی۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی نیت پرشک نہیں کرنا چاہیے، اسے موقع دینا چاہیے،مسلم لیگ ن کےقائدین مان جائیں تو مسائل جلد حل ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کا مؤقف ہے کہ اگر دھاندلی کی اس حکومتی تعریف کو تسلیم کرلیا جائے کہ ایک منظم سازش کے تحت جعلی ووٹوں کے ذریعے مسلم لیگ ن کو جتوایا گیا ہے تو اس میں سازش کی بھی وضاحت کی جائے اور جعلی ووٹوں کا فائدہ جسے ہوا، سمجھا یہ جائے کہ اس کے حق میں سازش ہوئی۔ یہ مؤقف حکومتی ٹیم کے سامنے رکھ دیا گیا ہے، دونوں جماعتیں پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد اب منگل کو دوبارہ ملیں گی۔