30 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 16:55
سینیٹ کا اجلاس، پیپلزپارٹی کی فوجی عدالتوں کی مخالفت
جیو نیوز - اسلام آباد.........سینیٹ اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سانحہ پشاور پر بحث سمیٹیں اور ایوان کو اعتماد میں لیں، پیپلز پارٹی کے سینٹرز کی جانب سے فوجی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کی گئی۔ چیئرمین نیئر بخاری کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں سینٹر رضا ربانی نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پشاور سانحہ پر بحث کو خود سمیٹیں۔ قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم پشاور سانحے پر وزیر مملکت کو ہر گز نہیں سنیں گے، ایک طرف حکومت ہمیں فوجی عدالتوں کا کڑوا زہر پلا رہی ہے، دوسری طرف ایوان میں وزیر داخلہ نہیں آتے، حکومت صرف کمیٹیاں بنا رہی ہے، لوگوں میں تذبذب ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف کوئی ایکشن ہو رہا ہے یا نہیں۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ کل اجلاس میں وزیر اعظم یا وزیر داخلہ ایوان جو اعتماد میں لیں۔ پشاور سانحہ پر بحث کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ متنازع فیصلوں میں فوج کو شامل نہ کریں، اس سے وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر صحیح توجہ نہیں دے سکیں گے۔ مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کے بعد بڑے فیصلوں کی توقع تھی مگر کچھ نہ ہوا، فوجی عدالتوں کا غلط فیصلہ تھا تو یہ فیصلہ کیوں کیا گیا۔